• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیر مقام نے کے پی کابینہ کے آئی جی اسلام آباد کیخلاف ایف آئی آر کا فیصلہ مضحکہ خیز قرار دے دیا


وفاقی وزیر امیر مقام نے خیبر پختونخوا کابینہ کے آئی جی اسلام آباد کے خلاف ایف آئی آر کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کیسی غیر سنجیدہ باتیں کرتے ہیں، خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد ہم سب کا ہے اسے دہشت گردوں کا گڑھ نہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے اساتذہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، اساتذہ کے حقوق کےلیے ان کا ساتھ دیں گے، اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں برطرف کیا جارہا ہے، احتجاج کرنے والے اساتذہ کو کے پی حکومت دھمکیاں دے رہی ہے، ان پر تشدد کیا جاتا ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے پاس عوام کےلیے کوئی پلان ہی نہیں، کے پی حکومت انتشار پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کررہی۔

خیال  رہے کہ خیبر پختونخوا کابینہ نے  کے پی ہاؤس اسلام آباد کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد کےخلاف ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ نے دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ کے اندراج کی منظوری دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد سمیت 600 اہلکاروں کےخلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید