پاکستان کے تمام مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں، خارجیوں اور ان کے سہولت کاروں اور حمایتیوں کے خلاف بھی بلا تفریق اقدامات کیے جائیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انسانیت کے دشمن دہشت گرد خارجیوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ہر سطح پر کاروائی کی جائے، کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بے گناہ پاکستانیوں کا قتلِ عام کرنے والے سفاک دہشت گرد اور قاتل ہیں۔
علماء کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان دہشت گرد خارجیوں کے خلاف پوری قوم افواجِ پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، ریاستِ پاکستان کی ذمے داری ہے کہ وہ دہشت گرد عناصر اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف ایکشن لے۔
اعلامیے میں علماء کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی باتیں کرنے والے عناصر اور تنظیمیں بے گناہ پاکستانیوں کے قتلِ عام پر خاموش ہیں، ان افراد اور تنظیموں کو اس قتلِ عام کے حوالے سے قوم کو جواب دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ آج صبح کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔