وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اسی ماہ احتجاج کی کال دیں گے۔
صوابی میں جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر جب گھروں سے نکلیں گے تو اُس وقت تک نہیں آئیں گےجب تک بانی کو رہا نہیں کروالیں گے۔
انہوں نےکہا کہ پارٹی میں فیصلے کا اختیار صرف بانی پی ٹی آئی کو ہے،چاہے جان چلی جائے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کرا کر دم لیں گے، قربانی کے بغیر آزادی نہیں ملتی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی کےلیے ہمیں قربانی دینی پڑے گی، بغیر قربانی کے حق، آزادی اور عزت نہیں ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بتانا چاہتا ہوں ہمارے لوگوں کے ساتھ ظلم کیا، ہم ایک ہیں، ایک ہوکر آگے نکلنا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ چاہے جان بھی چلی جائے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کراکر دم لیں گے، جب تک بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کریں گے واپس نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقابلہ کریں گے، گھر واپس نہیں آئیں گے، عہد کر تے ہیں حقیقی آزادی لینے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔