• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو سخت ردعمل دینے کے حق میں ہوں، خواجہ آصف


وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میں بھارت کو سخت ردعمل دینے کے حق میں ہوں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کےلیے پاکستان نہ آنے کی خبروں پر ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت پاکستان کے ساتھ بالواسطہ جنگ کی حالت میں ہے اور وہ اس معاملے پر بھارت کو سخت ردعمل دینے کے حق میں ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی ملک میں عدم استحکام کےلیے کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں چینی شہریوں کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے تاکہ چینی یہاں سے چلے جائیں، افغانستان کی زمین پاکستان میں دہشت گردی کےلیے استعمال ہوتی ہے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ افغان حکومت کا ان عناصر کے خلاف کارروائی کےلیے فیصلہ کن اقدامات کرنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی بیسز موجود ہیں، انہیں مقامی سہولت کاری بھی حاصل ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے کمپرومائزڈ ہیں، عمران خان اُن سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق اعلانات صرف بڑھکیں ہیں، اس کی احتجاجی کال سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی میں کوئی 50 فیصد تو کوئی 25 فیصد کمپرومائزڈ ہے، پی ٹی آئی والے ہر کوئی اپنی سہولت کے مطابق کمپرومائزڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو مرتبہ علی امین گنڈاپور اسلام آباد پر حملہ آور ہوا تو دونوں بار غائب ہوا، وہ ساری دو نمبریاں بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے کر رہا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ایک جال بننے کی کوشش کررہے ہیں ان کی دانست میں شاید ایسے رہائی ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں پی ٹی آئی کے رہنما نےمونچھوں کو تاؤ دے کر سر پر سفید کپڑا باندھ لیا، یہ ساری رنگ بازی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ حکومت اپنی مدت پورا کرے گی، معاشی اور سیاسی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید