وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے بلوچستان حکومت ترجیحی بنیاد پر ضروری وسائل کی فراہمی کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے بلوچستان حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
انہوں نے بلوچستان حکومت کو ترجیحی بنیاد پر ضروری وسائل کی فراہمی کا اعلان کیا اور کہا کہ بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد بڑھانے میں تعاون کریں گے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
اس دوران سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کے اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کےلیے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، پُرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔