کراچی میں پولیس اہلکار کی خاتون کے ہمراہ ٹک ٹاک ویڈیو سامنے آنے کے بعد اُسے معطل کردیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون سیگریٹ نوشی کر رہی ہے جبکہ اے ایس آئی پولیس وردی میں بیٹھا ہوا نظر آرہا ہے۔
ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے کہا ہے کہ ویڈیو کا نوٹس لے کر اہلکار کو معطل کیا ہے اور واقعے کی انکوائری کی ہدایت دے دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی اہلکار کی تلاش شروع کی گئی بعد میں اہلکار کی شناخت اے ایس آئی صفدر کے نام سے کی گئی ہے جوکہ کورنگی کے علاقے میں چوکی انچارج ہے۔
کامران خان نے یہ بھی کہا کہ صفدر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹادیا گیا ہے جبکہ اس کے خلاف تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران پولیس یونیفارم میں ویڈیوز بنانے سے سختی سے منع کیا ہوا ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ کے منع کرنے کے باوجود اہلکار باز نہیں آتے اور ہر تھوڑے دن بعد کسی نہ کسی اہلکار کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوجاتی ہیں۔