انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان نے بھارتی مؤقف کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان نے ابتدائی مؤقف میں 1996ء اور 2003ء کے ورلڈ کپ کی مثال پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 2003ء میں نیوزی لینڈ، کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
1996ء میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا، آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف کو پوائنٹس دے دیے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا آئی سی سی میں یہ مؤقف ہو گا کہ ماضی میں ٹیموں کے نہ آنے پر وینیو تبدیل نہیں کیا گیا، ان مثالوں کی بنیاد پر پاکستان ایک سخت مؤقف اپنائے گا۔
پاکستان اس بنیاد پر مائنس بھارت چیمپئنز ٹرافی کی تجویز بھی دے سکتا ہے، بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی پر اب تک کوئی بات تحریری نہیں کی گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ تمام مؤقف تحریری دینے پر بھی زور دے گا۔