سکھر(بیور ورپورٹ) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے ”جنگ“سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے بعد سکھر میں سیلابی صورتحال کے خطرے کے پیش نظر ضلع بھر میں امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے ، کچے کے علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے بعد جرائم پیشہ عناصر کے شہروں کی جانب منتقل ہونے کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے بچاؤ بند پر پولیس کی 30سے زائد چوکیاں قائم کی جارہی ہیں جو محکمہ آبپاشی کے افسران اور اہلکاروں کی نقل و حرکت اور محکمہ صحت کی جانب سے لگائے جانے والے کیمپوں میں موجود ڈاکٹروں اور اسٹاف کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کچے کے علاقوں میں پانی آنے کے بعد جب لوگ وہاں سے نقل مکانی کریں گے تو اس وقت پولیس جرائم پیشہ عناصر کی کڑی نگرانی کرے گی تاکہ پانی آنے کی صورت میں کچے میں رہنے والے افراد کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر شامل ہوکر شہروں میں داخل نہ ہوسکیں۔