پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر کی چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر سے پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹرز بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر عالمی و علاقائی صورتحال اور ملٹری تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے کراچی میں حالیہ دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا۔
چیف آف جنرل اسٹاف نے پاکستان میں چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر پی ایل اے نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کےلیے پاک فوج کے اقدامات کو سراہا۔
فریقین نے خطے کے امن و ترقی کےلیے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دفاعی تعاون کے دیگر شعبوں پر بھی غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے ملٹری ایجوکیشن، تربیت، آلات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔ ملاقات میں تجربات کے باہمی اشتراک اور میکنزم مزید ادارہ جاتی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔