بالی ووڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کو چند روز قبل جان سے مارنے کی دھمکی بذریعہ فون کال موصول ہوئی تھی، تاہم اب پولیس نے دھمکی آمیز فون کال کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کنگ خان کو جان سے مار نے کی مبینہ دھمکی دینے والے ملزم کو رائے پور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایڈوکیٹ فیضان خان نامی ملزم کو ممبئی پولیس کے سامنے پیش نہ ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔
جان لیوا دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار ملزم فیضان خان کا کہنا ہے کہ 2 نومبر کو اس کا فون گم ہو گیا تھا جس کی شکایت بھی درج کرا دی تھی۔
ایڈووکیٹ فیضان خان کا دعویٰ ہے کہ اس کے نمبر سے شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز پیغام اس کے خلاف سازش ہے۔
ایڈووکیٹ فیضان نے کہا ہے کہ اسے اس معاملے میں پھنسایا جا رہا ہے کیونکہ اس نے شاہ رخ خان کے خلاف 1994ء کی فلم انجام میں ہرن کے شکار کے خلاف ڈائیلاگ پر کیس دائر کیا تھا۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ رائے پور سے تعلق رکھنے والے وکیل کو پولیس اسٹیشن اس لیے طلب کیا گیا تھا کیونکہ جس نمبر سے دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی تھی وہ ان کے نام پر رجسٹرڈ تھا، پولیس کے سامنے پیش نہ ہونے پر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے باندرہ پولیس اسٹیشن کو موصول ہونے والے پیغام میں شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے ساتھ ساتھ 50 لاکھ روپے تاوان کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے پولیس نے کال کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کو گزشتہ ماہ بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی جا چکی ہے۔
یہ واقعہ بالی ووڈ کے ایک اور بڑے اداکار سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے اسی قسم کی دھمکیوں کے فوری بعد پیش آیا تھا۔