وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو لندن گراؤنڈ اسٹیشن پر گالیاں اور دھمکیاں دینے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
برطانوی دارالحکومت میں نامعلوم شخص نے خواجہ آصف کا تعاقب کیا اور انہیں چاقو سے حملے کی دھمکی دی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کے قریبی ذرائع نے لندن میں پیش آئے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں قریبی ذرائع نے تصدیق کی کہ خواجہ آصف کو دھمکیاں اور گالیاں دینے کی ویڈیو حقیقی ہے۔
ذرائع خواجہ آصف کے مطابق منظر عام پر آنے والی ویڈیو چند روز قبل کی ہے۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حکومت پاکستان نے خواجہ آصف کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعے کا نوٹس لے لیا اور پاکستانی ہائی کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ واقعے پر برٹش ٹرانسپورٹ پولیس سے رابطہ کرکے تحقیقات کرائے۔
واقعے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ردعمل دیا اور کہا کہ میں خواجہ آصف کو کالج کے زمانے سے جانتا ہوں، یہ مرد مجاہد ہیں، جہاں کھڑے ہوجاتے ہیں، پھر بیٹھتے نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے ہمیشہ ہر صورت حال کا جواں مردی سے مقابلہ کیا ہے۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے خواجہ صاحب کے ساتھ یہ حرکت کی، ان کے نصیب میں یہی ہے، لوگوں کے پیچھے بھاگنا، یہی ان کی ٹریننگ اور گرومنگ کی گئی ہے۔
اس واقعے پر خواجہ آصف نے کہا کہ لندن میں دھمکی دینے والے واقعے کو رپورٹ کرانے کا پراسس چل رہا ہے، وہاں کیمرا بھی لگا ہوا تھا، میں دھمکی دینے والے کو نہیں پہچانتا ہوں۔