پاکستانی معروف سینئر اداکارہ لیلیٰ زبیری کا کہنا ہے کہ آج کل کی اداکارائیں بہت جلد خود کو ’ڈیوا‘ سمجھنے لگتی ہیں۔
حال ہی میں سینئر اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دورانِ پروگرام میزبان نے نئے اور پرانے فنکاروں کے حوالے سے بات کرتے سوال کیا کہ انڈسٹری کے نئے اور پرانے فنکاروں میں کیا فرق محسوس کرتی ہیں؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل کی اداکارائیں بہت جلد خود کو ’ڈیوا‘ سمجھنے لگتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے ساتھ کام کرنا بعض اوقات مشکل ہو جاتا ہے جبکہ کچھ ہیروز بھی ایسے ہی ہیں۔
اداکار نے کہا کہ ہمارے دور میں ایسا کچھ نہیں تھا، ہمیں شہرت کی خواہش نہیں تھی، بلکہ کام کا جنون تھا، یہ جنون آج کل کی اداکاراؤں میں نہیں ہے، آج کل کی نسل شارٹ کٹ پر یقین رکھتی ہے۔
میزبان نے ڈیوا کی وضاحت پوچھی تو لیلیٰ زبیری نے بتایا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ سینئر فنکار سیٹ پر آ جاتے ہیں اور مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ غائب ہیں، ان کا کچھ پتہ ہی نہیں ہوتا یا پھر جب پروڈکشن کی گاڑی پک اینڈ ڈراپ دیتی ہے تو بعض اداکارائیں ایسی ہوتی ہیں جو کہتی ہیں کہ ہمیں اکیلے جانا ہے، کوئی اور ہماری گاڑی میں نہیں جائے گا۔