آسٹریلیا نے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کو بآسانی 29 رنر سے ہرادیا، 94 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بناسکی۔
بارش سے متاثرہ میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 7 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، پہلی وکٹ 8 رنز پر گر گئی، صاحبزادہ فرحان 4 گیندوں پر 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
مجموعی اسکور میں صرف 4 کے اضافے سے پاکستان کی دوسری وکٹ 12 رنز پر گر گئی، محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ 16 رنز پر عثمان خان کی صورت میں گری، وہ صرف 4 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، اسی اسکور پر چوتھی وکٹ گری، بابر اعظم 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس طرح پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بناسکی۔
آسٹریلیا کے زیویر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلیس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے اوورز بارش کے باعث کم کردیے گئے تھے۔
انتہائی کم اوورز کے میچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے آسٹریلیا نے تیز رفتاری کے ساتھ اننک کا آغاز کیا تاہم اوپنرز کی یہ کوشش پاکستان بولرز نے ناکام بنادی۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 16 اور دوسری 35 رنز پر گری، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ابتدائی وکٹیں حاصل کیں۔
بعدازاں آسٹریلوی بیٹرز نے تیز بیٹنگ کی اور اسکور 66 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 5.3 اوورز میں گلین میکسویل کو عباس آفریدی نے 43 رنز پر آؤٹ کیا۔
ون ڈے سیریز کے تینوں میچوں میں بری طرح ناکام رہنے والے گلین میکسویل نے آج 19 بالز پر 43 رنز کی اننگ کھیلی۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 73 رنز پر گری، ٹِم ڈیوڈ کو بھی عباس آفریدی نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد مقررہ 7 اوورز میں آسٹریلیا نے 4 وکٹ کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔
آج کے میچ کے لیے محمد رضوان، بابر اعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، محمد عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حسیب اللّٰہ، حارث رؤف اور نسیم شاہ ٹیم میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کو 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 1-2 سے ہرایا تھا۔