قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وسیم اکرم آج کل آسٹریلیا میں جاری پاک آسٹریلیا سیریز کے لیے کمنٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں اُنہیں پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ کے دوران کمنٹری کے دوران اپنے ساتھی کمنٹیٹرز سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ جانتے ہی ہیں کہ میری فیملی آسٹریلیا میں رہتی ہے اور یہاں پر ہمارے پاس ایک بلی ہے جس کے کل میں نے بال کٹوائے۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب میں بلی کے بال کٹوانے گیا تو مجھ سے کہا گیا کہ اُنہیں بلی کے بال کاٹنے کے بعد اس کی دیکھ بال بھی کرنی پڑے گی جس کے لیے آپ کو 1 ہزار آسٹریلین ڈالرز (1 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے) ادا کرنے پڑیں گے۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ اتنے پیسوں سے پاکستان میں تو 200 بلیوں کے بال کٹوائے جا سکتے ہیں۔
ساتھی کمنٹیٹرز سابق پاکستانی کپتان کی یہ دلچسپ و عجیب کہانی سن کر حیران ہو گئے اور کمنٹری چھوڑ کر ان سے تفصیل پوچھنے لگے۔
تفصیل پوچھنے پر وسیم اکرم نے ساتھی کمنٹیٹرز کو اپنے موبائل موجود رسید بھی دکھائی جس کے مطابق ان سے بلی کے میڈیکل چیک اپ کے لیے 105 آسٹریلین ڈالرز، اینستھیزیا دینے کے لیے 305 آسٹریلین ڈالرز اور بال کاٹنے کے لیے 40 آسٹریلین ڈالرز وصول کیے گئے۔
کچھ اضافی چارجز بھی تھے جیسے کہ بال کاٹنے کے بعد بلی کی دیکھ بھال کے لیے 120 آسٹریلین ڈالرز اور کارڈیو ٹیسٹ کے لیے 251 آسٹریلین ڈالرز وصول کیے گئے۔
ساتھی کمینٹیٹرز رسید دیکھنے کے بعد ہنسنے لگے اور کہا کہ یقین نہیں ہو رہا ہے کہ واقعی آپ کے بلی کے بال کٹوانے کے لیے اتنے زیادہ پیسے خرچ ہو گئے۔