کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش اور ماڑی پور میں ژالہ باری ہوئی۔
اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، آئی آئی چندریگر روڈ اور نارتھ ناظم آباد میں بھی بادل برسنا شروع ہوگئے۔
کراچی کے علاقے گلشن معمار، لیاری اور کلفٹن میں بھی خوب بارش برسی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک کے بیشتر حصے پر اثرانداز ہو رہا ہے۔ شہر کے جنوبی حصے میں گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں معتدل بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ماڑی پور، کیماڑی اور فشریز میں ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید کے پہلے روز کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 24 سے27 مارچ کے دوران ایک اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثرانداز ہوسکتا ہے، 24 سے 27 مارچ کے دوران کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ہوئی موسلادھار بارش کے دوران پیش آئے حادثات میں 19 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔