امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے سے قبل اتحادی ممالک کو اعتماد میں نہ لینے کے سوال پر طنزیہ جواب دیتے ہوئے جاپان کے پرل ہاربر حملے کا حوالہ دے دیا۔
اوول آفس میں جاپانی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران جب ایک صحافی نے پوچھا کہ جاپان جیسے اتحادی کو پیشگی اطلاع کیوں نہیں دی گئی؟ تو ٹرمپ نے کہا کہ ہم زیادہ سگنل نہیں دینا چاہتے تھے، ہم نے اچانک اور بھرپور کارروائی کی۔
اس کے بعد انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سرپرائز کے بارے میں جاپان سے بہتر کون جانتا ہے؟ یہی نہیں ٹرمپ نے الٹا صحافی سے سوال کیا کہ آپ نے مجھے پرل ہاربر کے بارے میں کیوں نہیں بتایا؟
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان پرل ہاربر کی طرف اشارہ تھا، جب 1941 میں جاپان نے امریکی بحری اڈے پر اچانک حملہ کیا تھا، اس حملے میں 2,400 سے زائد امریکی ہلاک ہوئے تھے اور اسی کے بعد امریکہ جنگ عظیم دوم میں شامل ہو گیا تھا۔
اس حملے میں جاپان کے 6 طیارہ بردار بحری جہازوں سے اڑنے والے 353 جنگی طیاروں نے حصہ لیا۔ حملے کے نتیجے میں امریکا کے 8 بحری جہاز تباہ ہوئے اور 9 کو شدید نقصان پہنچا۔ 188 امریکی طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ 2403 امریکی فوجی اور 68 شہری ہلاک ہوئے۔