پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کمرشل جنریٹرز کی جانچ اور کیمروں سے نگرانی جاری ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں اینٹی اسموگ گرینڈ آپریشن جاری ہے، 4 دن میں درجنوں بھٹے اور صنعتی یونٹ مسمار جبکہ درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کیے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ 15 نومبر کو 17، 16 اور 17 نومبر کو 17بھٹے گرائے گئے، خانیوال، ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی اور سرگودھا میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو گرایا گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جھنگ، لیہ، بہاولنگر، پاکپتن میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو بھی گرایا گیا، سب سے زیادہ 14 بھٹے ملتان اور 8 لیہ میں گرائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 15نومبر کو لاہور اور گوجرانوالہ میں 20 صنعتی یونٹس آلودگی پھیلانے پر مسمار کیے، آلودگی پھیلانے پر 51 صنعتی یونٹس کو سیل کیا گیا، فیروز والا میں اسٹیل ملز بھی سیل کی گئیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور میں آلودگی پھیلانے والے 30 یونٹس سیل، 5 صنعتی یونٹس گرا دیے گئے اور 4 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، تعمیراتی سامان لے جانے والی گاڑیوں کو نہ ڈھانپنے پر بھی کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور کی شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاﺅ کیا جا رہا ہے۔