• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی سیاست نہیں کر رہی تھیں تو کیا آلو گوشت پکانے کی ترکیب بتا رہی تھیں؟ عظمی بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی لوگوں کو جمع کر کے سیاست نہیں کر رہی تھیں تو کیا آلو گوشت پکانے کی ترکیب بتا رہی تھیں؟

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک غیر سیاسی خاتون احتجاج کیلئے ٹارگٹ دے رہی ہیں، پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں۔

عظمیٰ بخاری  کا کہنا تھا کہ غیر سیاسی خاتون اس وقت بھی غیر سیاسی نہیں تھی جب انہیں غیر سیاسی کہا جا رہا تھا۔ وہ غیر سیاسی خاتون مکمل طور پر ٹارگٹ دے رہی ہیں، وہ کہہ رہی ہیں ہر ایم پی اے پانچ ہزار، ایم این اے دس ہزار بندہ لے کر آئے گا۔

 وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ارکان اسمبلی کو بلایا گیا اور ان کو بات کرنے کی اجازت نہیں ملی۔ یہ پاکستان میں فتنہ فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں، یہ آپ کو ابہام ختم ہوجانا چاہیے کہ میر جعفر میر صادق کی ٹرم کہاں سے آئی تھی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر لوگ خود نکل رہے ہیں تو پھر ویڈیو بنانے کی ضرورت نہیں، چندہ اکٹھا پروگرام تو اس پارٹی پر ختم ہے، سوال یہ ہے کہ اسلحہ لے کر آپ پچھلی دفعہ آ گئے تھے، اس دفعہ نیا کیا ہوگا؟

وزیر اطلاعات پنجاب نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ نیا یہ ہوگا  کہ آپ کو لاشیں اکٹھی کرنی ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ لاشیں اکٹھی کرنے کا پروگرام بنایا، صرف قتل کروانا اور دہشت گردی کرنا ہی ان کی نئی چیز ہے جو ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف جہاد نہیں ہو سکتا، بانی پی ٹی آئی خود اپنے ہوتے ہوئے لاکھوں لوگ اکٹھے نہیں کر سکے، اگر آپ کا پانچ ہزار بندہ آجائے تو مجھے بہت خوشی ہوگی، کیا بشریٰ بی بی صاحبہ اپنی اولاد کے ساتھ شرکت کریں گی۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ ہفتہ وار مہنگائی چار فی صد پر آگئی ہے۔


قومی خبریں سے مزید