کروڑوں کے فراڈ میں ملوث نجی بینک ملازمین سمیت 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ملزمان نے ٹرسٹ فنڈز کے اکاؤنٹ سے کروڑوں کی خورد برد کی۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ملزم محمد سہیل کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزم نے نجی ٹرسٹ کے نام سے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ بنوائی، جس پر بینک ملازمین کی ملی بھگت سے اکاؤنٹ کھلوایا، جعل سازی میں نجی بینک کے 2 ملازمین بھی شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تفتیش کے مطابق ملزمان نے فیصل آباد کے علاوہ لاہور میں بھی اکاؤنٹ کھلوائے، ملزمان کے خلاف پولیس نے بھی جعل سازی کے مقدمے درج کر رکھے ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی ملزمان کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج تھا۔