کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹیم میں بڑی تبدیلی نظر آئے گی اس وقت توجہ ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی پر ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی میں تسلسل نظر آئے گا۔ پاکستانی کنڈیشنز میں اسپنرز کا کردار اہم ہوگا۔ فٹنس مسائل حل ہوتے ہی فخر زمان کو منتخب کر لیں گے،وہ میچ واریئر ہیں۔ کوچنگ میرے لیے نئی نہیں، کوچ اور کپتان کی سوچ کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا۔ کوچ، کپتان اور سلیکشن کمیٹی مل کر فیصلہ کریں گے۔ ہمارا مقصد ہے کہ دستیاب کھلاڑیوں میں سے بیسٹ الیون لے کر بہترین کرکٹ کھیلیں، نئے کھلاڑیوں کوموقع دیا جائے گا۔ کوچ کا کردار ایک حد تک ہوتا ہے۔ آپ واضح اور دوٹوک پیغامات دے سکتے ہیں کہ کیسی کرکٹ کھیلنی ہے، تیاری میں کھلاڑیوں کی مدد کرسکتے ہیں لیکن بالاخر نتیجہ تو ٹیم اور کپتان ہی لے کر آتا ہے۔ خیال رہے کہ انہیں زمبابوے کا ویزہ مل گیا، روانگی جمعرات کو متوقع ہے۔ بدھ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بطور سلیکٹر اور عبوری کوچ کی ذمہ داری قبول کرنے کا مقصد ٹیم پرفارمنس کا گراف اوپر لے جانا ہے ۔ اس سوال پر کہ مستقبل میں ہیڈ کوچ اور کنوینر سلیکشن کمیٹی میں سے کس عہدے کو ترجیح دیں گے؟ انہوں نے کہاکہ 20 سال سے کوچنگ کررہا ہوں، جو مواقع نظر آئیں گے اس حساب سے فیصلہ کروں گا۔ ملتان ٹیسٹ سے اب تک کوچ اور کپتان کی مشاورت کے بعد ہی سلیکشن کمیٹی ٹیم کا اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کبھی آسان نہیں رہا، جب ٹیم جارہی تھی تو سب نے جیت کو خارج ازامکان قرار دیا تھا لیکن انہی کھلاڑیوں نے نئے کپتان کی قیادت میں یہ کردکھایا، جو 22 سال بعد بڑی کامیابی ہے، ٹی 20 میں بھی ہمارے پاس جیت کے مواقع آئے تھے ۔ دورہ زمبابوے کیلئے بھی بڑے کھلاڑیوں کو آرام دے کر نئے کھلاڑیوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ آپ کو موقع مل رہا ہے تو اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ صائم ایوب اچھی سمت میں جارہا ہے ۔