کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا میں تماشائیوں نے فیلڈنگ کرتے ہوئے بابر اعظم سے بدتمیزی کی لیکن انہوں نے ردعمل دینے سے گریز کیا۔ ایسے میں بابر اعظم کے حق میں امام الحق سامنے آگئے اور کرارا جواب دیدیا۔زمبابوے کے دورے میں بابر اعظم ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ ان کے پرانے دوست امام الحق بھی ڈراپ ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف بابر اعظم ناکام ثابت ہوئے جس پر انہیں گراؤنڈ میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بن گئی تھی۔ شائقین کرکٹ نے بابر کو آواز لگائی اور کہا کہ ’’ اوئے اوئے کوئی شرم کرلے، تیری ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، واپس لاہور چلا جا۔ امام الحق نے وہی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم بحیثیت قوم فیل ہوچکے ہیں، سپورٹ کرنے کی بجائے مذاق اڑایا جاتا ہے، بابر آپ اب بھی چیمپئن ہیں۔