روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کو کئی جانور تحفے میں دے دیے۔
روسی حکام کے مطابق صدر پیوٹن نے روس اور شمالی کوریا کے درمیان دوستی کی علامت کے طور پر شمالی کوریا کو درجنوں جانور تحفے میں دیے۔
روسی حکام کے مطابق تحفے میں دیے گئے جانوروں میں 1 شیر، 2 ریچھ، 2 یاک، 5 سفید اعلیٰ نسل کے طوطے، مختلف اقسام کے 25 تیتر اور 40 بطخیں شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان جانوروں کو روس کے دارالحکومت شہر ماسکو سے شمالی کوریا کے شہر پیانگ یانگ کے چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل روسی صدر نے اعلیٰ نسل کے 24 گھوڑے تحفے میں دیے تھے جبکہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے روسی صدر کو کتوں کا ایک جوڑا بھیجا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس اور شمالی کوریا نے سخت مغربی پابندیوں کے تحت اس سال کے شروع میں ایک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک پر حملہ ہو جانے کی صورت میں انہیں فوری فوجی مدد فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے کے دوران دونوں ممالک نے سیاسی، فوجی اور دیگر تعلقات کو گہرا کیا ہے۔
اس دوران پیوٹن اور کم جونگ اُن نے کئی مرتبہ ذاتی دوستی کا بھی دعویٰ کیا ہے۔