مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے حکومت کی حواس باختگی صاف ظاہر ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی والے 50 بندے بھی اکٹھے نہیں کر سکتے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ دعویٰ بھی کر رہے ہیں اور دوسری طرف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے، یہ ساری صورتِ حال سمجھ سے بالاتر ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 50 بندوں کے لیے پورے ملک کے کنٹینرز اسلام آباد پہنچا دیے گئے ہیں، پنجاب، سندھ اور کشمیر کی تمام فورسز بھی اسلام آباد میں تعینات کی جا رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ان تمام کوششوں کے باوجود پی ٹی آئی اسلام آباد پہنچ کر مطالبات منوائے گی۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وفاقی حکومت پر شدید خوف طاری ہے اور ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، فسطائیت کے ریکارڈ توڑ رہی ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کے بغض میں آئین و قانون کو روندا جا رہا ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے کہا کہ احتجاج کا سن کر ان کے پیٹ میں درد ہے، اگر خوف نہیں تو 100 سے زیادہ کنٹینرر کیوں لگا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کے لیے رابطہ کیے جارہے ہیں، ہمارے مطالبات مانے جائیں، پھر احتجاج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا، 2014ء سے 2024ء کا دھرنا زیادہ مضبوط ہوگا، جس طرح دھمکیاں دی گئیں، 26 ویں ترمیم منظور کی گئی، اسے کیا کہیں؟
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ سرکاری وسائل سے متعلق الزام لگانے والے اربوں کے چور ہیں، کیا یہ ان کی محنت کی کمائی ہے، ان کی باہر ملکوں میں اربوں ڈالرز کی جائیدادیں ہیں، مریم بی بی علاج کرانے جینوا جاتی ہیں جبکہ خود یہاں کے اسپتالوں کی تعریف بھی کرتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ، وزرا، ارکان اسمبلی اور سینیٹرز احتجاج میں ہوتے ہیں، ان کا تحفظ 1122 کا کام ہے، اسلام آباد کے دروازے کھول دیں، مذاکرات کے لیے وزیر اعلیٰ اور بیرسٹر گوہر کو بانیٔ پی ٹی آئی نے اختیار دیا ہے۔