• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کیلئے درخواست، وزیر داخلہ طلب

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کو رکوانے کے لیے درخواست کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر داخلہ کو آج ہی طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سیکریٹری داخلہ کو بھی آج طلب کر لیا۔

عدالت نے کہا کہ ڈویژن بینچ کے بعد کیس کو آج ہی سنیں گے۔

چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی پولیس کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کے لیے تاجر یونین کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ احتجاج سے اسلام آباد پر لشکر کشی کا تاثر ملا رہا ہے، بغیر اجازت اس قسم کے احتجاج سے ملک میں لاقانونیت کا تاثر ملتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پی ٹی آئی کے غیر قانونی احتجاج کو روکنے کا حکم دیا جائے۔ 

درخواست میں کہا گیا تھا کہ سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی کو احتجاج روکنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف نے 24 نومبر کے احتجاج کے لیے خصوصی اسکواڈ تیار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اسکواڈ میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے 9 ہزار کارکنان شامل ہوں گے، صوبائی وزیر مینا خان اور معاونِ خصوصی سہیل آفریدی اس اسکواڈ کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے پی ٹی آئی پشاور کے اجلاس میں اسکواڈ کو جہادی قرار دیا تھا۔

اس اسکواڈ سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خصوصی اسکواڈ مرکزی قافلے کے آگے ہو گا اور اس اسکواڈ کو شیلنگ سے بچاؤ کا سامان بھی دے دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید