خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔
کارروائی کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتہ لگایا اور کارروائی کی۔
ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے، ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقےمیں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع آواران میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں 1 جبکہ ضلع آواران میں کیے گئے آپریشن میں 2 اور ضلع ڈیرہ بگٹی میں آپریشن میں 1 دہشت گرد ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے اور سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔