• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو سعودی عرب سے متعلق بیان دیا گیا وہ پاکستان دشمنی ہے، شہباز شریف




وزیراعظم شہباز شریف نے بشریٰ بی بی کے بیان کو پاکستان دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو ہاتھ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی میں رکاوٹ بنے گا قوم اس ہاتھ کو توڑ دے گی۔

 تونسہ بیراج سے نکلنے والی نہر کچھی کینال کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو سعودی عرب سے متعلق بیان دیا گیا وہ پاکستان دشمنی ہے، سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے تو وہ کیا کہیں گے کہ پاکستان کے عوام، حکومت اور سیاستدان کیسے ہیں۔ اس فطرت کے لوگوں کو اندازہ نہیں کہ ان کے بیان سے پاکستان کو کتنا نقصان ہو سکتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا برادر ملک ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی مدد کی ہے، سعودی عرب نے کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا، غیر مشروط طور پر پاکستان کی مدد کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایٹمی دھماکا ہوا تو شاہ عبداللّٰہ نے نواز شریف کا ہاتھ تھام کر کہا پاکستان ہمارا سگا بھائی ہے، آئی ایم ایف میں بھی ہمیں سعودی عرب نے ہی بیل آؤٹ کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ لوگ معاشرے میں ایسا زہر گھول رہے ہیں جس کے نقصان کا اندازہ نہیں ہے، جو ہاتھ پاک سعودی تعلقات میں رکاوٹ بنے گا وہ ہاتھ توڑ دیں گے، یہ کیسا مذموم سیاسی مفاد ہے جس کیلئے قومی مفاد کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، کسی کو پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کچھی کینال کی بحالی وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، پرویز مشرف کے دور میں منصوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا، مشرف دور میں بغیر ٹینڈر کے ٹھیکیدار کے حوالے کیا گیا، سب گواہ ہیں کہ کس طریقے سے غریب عوام کا پیسہ برباد کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میرٹ پر شفاف طریقے سے ٹریکٹرز تقسیم کیے جا رہے ہیں، مریم نواز پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں کام کر رہی ہیں، جو میاں صاحب کے دوست وہ میرے دوست جو ان کا مخالف وہ میرا مخالف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھی کینال منصوبے کے اصل محسن نواز شریف ہیں، اصل چیلنج کچھی کینال منصوبے کا اگلا مرحلہ مکمل کرنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید