• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلاروس کے وزیر خارجہ کی 68 رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد آمد، وزیر داخلہ نے استقبال کیا


بیلاروس کے وزیر خارجہ 68 رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کا استقبال کیا۔ 

وفد میں بیلاروس کےخارجہ کے علاوہ توانائی، صنعت، مواصلات، قدرتی وسائل، ہنگامی حالات کے وزرا اور چیئرمین ملٹری انڈسٹری کمیٹی شامل ہیں۔ 

سرکاری اعلامیہ کے مطابق وفد میں بیلاروس کی 43 بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔ 

اس موقع پر وزیر داخلہ نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریجنکوف اور وزیر توانائی سے ملاقات کی۔ 

سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفد کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی کل آمد کے منتظر ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ 

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان صنعت، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

دریں اثنا دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیلاروس کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ شفقت علی خان اور بیلاروس میں پاکستانی سفیر سجاد حیدر خان بھی موجود تھے۔

قومی خبریں سے مزید