سینیٹر شیری رحمان نے ترقی یافتہ ممالک کی 300 ارب ڈالرز کی امداد کے اعلان کو ناکافی قرار دیدیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں شیری رحمان نے کہا کہ باکو میں ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس کاپ 29 میں ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے 300 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان ناکافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے آئندہ 10 سال کے دوران کلائیمیٹ فنانسنگ کے لیے 300 ارب ڈالر کا اعلان کیا گیا ہے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ وہ میں اس ہیڈلائن میں کوئی خوشی تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، یہ رقم درخواست کردہ رقم 1300 ارب ڈالر سے بہت کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی نے متاثر فرنٹ لائن ممالک کو یہ فیصلہ قبول کرنا پڑا کیونکہ کثیر جہتی فورمز کے بغیر ہماری بقا ممکن نہیں ہے۔
پی پی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان جیسے ممالک کےلیے کلائمیٹ فنانس صرف توانائی کی منصفانہ منتقلی کے بارے میں نہیں ہے، وہ ترقی پذیر دنیا کے جذبات سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہوکر کاپ 29 کے نتیجے پر خدشات کا اظہار کر رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ 300 ارب ڈالرز کا وعدہ ذمے داری سے بچنے کی کوشش ہے۔