• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبنگ میں کاسٹنگ نے ’ارینج میرج‘ جیسا احساس دیا، سوناکشی سنہا

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سوناکشی سنہا نے فلم دبنگ سے ایکٹنگ کیریئر کے آغاز کو والدین کی مرضی سے ہونے والی شادی جیسا احساس قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 37 سالہ سوناکشی سنہا نے 14 سال قبل یعنی 2010ء میں فلم دبنگ سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کی شروعات کیں۔

انہوں نے فلم دبنگ میں کاسٹنگ کے تجربے کو ’ارینج میرج‘ جیسا قرار دیا اور کہا کہ میں نے فلمی دنیا میں آنے کی منصوبہ سازی نہیں کی تھی لیکن دبنگ اُن کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔

اداکارہ نے کہا کہ سلمان خان اور ارباز خان نے مجھے شادی کی تقریب میں دیکھا اور دبنگ فلم میں کردار کی پیشکش کی، جس کا اسکرپٹ خاندان کی موجودگی میں بیان کیا گیا۔

واٹ وومن وانٹ سیزن 5 میں کرینہ کپور سے بات چیت میں سوناکشی سنہا نے فلم دبنگ کےلیے اپنی کاسٹنگ کے عمل کو طے شدہ شادی کے سیٹ اپ سے تشبیہ دی اور رجو کے مشہور کردار سے ہم آہنگ ہونے کاسفر بھی بتایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں امریتا اروڑا کی شادی میں شریک تھی، وہاں سلمان خان اور ارباز خان نے مجھے دیکھا، اُس وقت تک میرا وزن کم ہوچکا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلمان خان اور ارباز خان نے کہا کہ فلم لکھ رہے ہیں، جس کے ایک کردار کےلیے آپ بہترین رہو گی، میں نے اس پیشکش کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔

سوناکشی سنہا نے یہ بھی کہا کہ اس کے بعد معاملات تیزی سے آگے بڑھے، دونوں بھائی اسکرپٹ سنانے کےلیے گھر آگئے، جسے پورے گھر نے بیٹھ کر سنا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد انہوں نے سرہلایا، ہاتھ ملایا اور چل دیے، اگلی بار یہ ہوا کہ میں فلم کے سیٹ پر تھی، اس وقت احساس بالکل ارینج میرج جیسا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھ سے کسی نے نہیں پوچھا کہ فلم کرنی ہے یا نہیں؟ صرف یہ کہا گیا کہ میں وہ کررہی ہوں، سب کچھ بہت جلدی ہوا، جب کام شروع کیا تو پھر میں رکی نہیں۔

فلم دبنگ کا دوسرا حصہ 2012 جبکہ تیسرا حصہ 2019ء میں ریلیز ہوا، جسے فلم بینوں نے شرف قبولیت بخشا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید