جامعہ کراچی کے صبح و شام کے پروگرامز کے ڈیفالٹر طلبا و طالبات کے حوالے سے شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت بدھ کو وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں اجلاس ہوا۔
اس موقع پر شیخ الجامعہ کوبتایا گیا کہ 2020 تا 2024 صبح و شام کے پروگرامز کے تقریباً 16506 طلبہ پر 2101.5 ملین روپے واجب الادا ہیں جبکہ اس میں ایم فل/پی ایچ ڈی اور دیگر پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں داخلہ لینے والے ریسرچ اسکالرز شامل نہیں ہیں۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایوننگ پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، مشیر امور طلبہ ڈاکٹر نوشین رضا اور ناظم مالیات سید جہانزیب نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء نے نادہندگان طلبہ کی تعداد اور اتنی بڑی رقم کی عدم ادائیگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نادہنگان طلبہ کو امتحانات میں شرکت کی اجازت نہ دینے اور ایڈمٹ کارڈ جاری نہ کرنے کی سفارش کی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں فیس کی ادائیگی نہ کرنے والے فارغ التحصیل طلبہ کی انرولمنٹ / ڈگری منسوخ کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
تفصیلات کے مطابق مارننگ پروگرام کے طلبا و طالبات کو 22,575 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جبکہ 13205 طلباوطالبات نے اپنی فیسیں ادا کی اور 9370 طلبہ تاحال نادہندہ ہیں۔
مارننگ پروگرام کے 1558.87 ملین روپے سے زائد واجب الادافیسوں میں سے تاحال صرف567.32 ملین روپے کی ادائیگی کی گئی جوکہ مارننگ پروگرام کی کل واجب الادافیسوں کا صرف 36.39 فیصد بنتا ہے۔
علاوہ ازیں ایوننگ پروگرام کے طلبا و طالبات کو 13425 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جس میں سے 6543 طلبا و طالبات نے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جبکہ 6882 طلبا و طالبات تاحال فیس جمع کرانے سے قاصر ہیں۔ ایوننگ پروگرام کے 1435.04 ملین روپے سے زائد واجب الادا فیسوں میں سے اب تک صرف 385.19 ملین روپے کی ادائیگی کی گئی جوکہ کل واجب الادا فیسوں کا صرف 26.84 فیصد بنتا ہے۔
ای ایم بی اے (ویک اینڈ) پروگرام کے 767 طلبہ کوفیس واؤچرز جاری کیے گئے جبکہ 513 طلباء نے اپنی فیسیں جمع کرائیں جبکہ 254 طلبہ تاحال نادہندہ ہیں۔ ای ایم بی اے پروگرام کے 100.30 ملین واجب الادافیسوں میں سے تاحال صرف 40.20 ملین روپے کی ادائیگی کی گئی جوکہ کل واجب الادا فیسوں کا صرف40.08 فیصد بنتا ہے۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ 2024 ایوننگ پروگرام کے طلبہ کو کل 2,522 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جبکہ1541 طلبہ نے اپنی فیسیں جمع کرائیں جوکہ کل واجب الادا فیسوں کا صرف 60.10 فیصد بنتا ہے۔
دریں اثناء 2023 میں تقریباً 3912 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جبکہ2071 طلباء نے اپنی فیس ادا کی جوکہ کل واجب الادا فیسوں کا صرف 52.95 فیصد بنتا ہے۔
اسی طرح 2022 ء میں تقریباً 3272 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جبکہ1359 طلباء نے اپنی فیسیں اداکی جوکہ کل واجب الادا فیسوں کا صرف 41.53 فیصد بنتا ہے۔
2021 ء میں تقریباً 3231 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جبکہ 1260 طلبہ نے فیس ادا کی جوکہ کل واجب الادا فیسوں کا صرف 39 فیصد بنتا ہے۔ 2020 میں 338 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جبکہ 242 طلبہ نے فیسیں جمع کرائیں کہ کل واجب الادا فیسوں کا صرف 71.60 فیصد بنتا ہے۔