اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق درخواست پر وزارت خارجہ کو سمری وزیراعظم کو بھیجنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا کہ وزیراعظم کو سمری بھیجیں وہ دیکھیں کہ امریکا جانے والے وفد کا خرچہ کون دے گا؟ اگر سمری وزیراعظم تک نہیں پہنچتی تو اس پر تحریک انصاف لکھ دیں جلدی پہنچ جائے گی۔
عدالت میں انٹرنیٹ کی سست رفتار ہونے پر عافیہ صدیقی کے وکیل کلائیو اسمتھ کی آواز میں خلل پڑنے پر جسٹس اعجاز اسحاق نے برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا اب کیا پی ٹی اے کو نوٹس کریں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی انٹرنیٹ صحیح کام نہیں کر رہا؟