سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر ائیر پورٹ سے عازمین حج کی پروازیں6 تا 13اگست کو روانہ ہوں نگی ۔اس مرتبہ سکھر سے 1000 افراد حج کی سعادت کے لئے روانہ ہوں گے ۔حج آپریشن کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم اجلاس کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سول ایوی ایشن، پی آئی اے، میونسپل انتظامیہ،صحت ،پولیس، کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر حج نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ اس سال سکھر سے 1000عازمین حج، حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہونگے ۔ کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ حج کمپلیکسں سکھر میں عازمین حج کے لیئے پینے کے صاف پانی کے ساتھ صحت اور دیگر بنیادی سہو لتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کمپلیکسں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور روشنی کے لیے اسٹریٹ لائٹس نصب کی جا ئیں جبکہ فائر برگیڈ بھی24گھنٹے موجود رہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کا عمل25جولائی تک مکمل کیا جائے اور صفائی کا عملہ حج آپریشن مکمل ہو نے تک کمپلیکسں میں موجود رہے گا۔ کمشنر سکھر نے محکمہ صحت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کو مختلف بیماریوں کی ویکسینیشن کا عمل روانگی سے10دن قبل مکمل کر لیا جائے جبکہ 25جولائی سے مچھر مار اسپرے بھی کیا جائے۔