• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، پولیس کا غیرقانونی آٹو رکشہ کیخلاف کریک ڈائون، 100سے زائد رکشے تحویل میں لے لئے

سکھر(بیورو رپورٹ) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی ہدایت پر شہر سمیت ضلع بھر میں بغیر کاغذات اورکم عمر آٹو رکشہ چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شرو ع کردیا گیا ، پولیس نے 100سے زائد رکشہ تحویل میں لے کر پولیس لائن میں بند کردیئے  ، رکشہ مالکان اپنے تمام تر کاغذات متعلقہ پولیس افسر کو چیک کرا کر آٹو رکشہ لے جاسکتے ہیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔پولیس کو یہ شکایات ملی تھیں کہ شہر میں بڑی تعداد میں غیر قانونی   آٹو رکشہ چل رہے ہیں جن کے پاس کاغذات اور  متعدد آٹو رکشہ پر نمبرپلیٹ،ڈرائیوروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہیں اور ان آٹو رکشہ چلانے والوں میں کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں جس پر اے ایس پی محمد کلیم ملک کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک آٹو رکشہ کے کاغذات کی چیکنگ کا عمل شروع کیا اس دوران 100سے زائد آٹو رکشے پولیس نے اپنی تحویل میں لئے  ۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق آٹو رکشہ پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر استعمال ہوتا ہے اور شہر میں آٹو رکشہ کی بہت بڑی تعداد موجود ہے جن میں بغیر کاغذات ، بغیر نمبر پلیٹ، بغیر ڈرائیونگ لائسنس سمیت چھوٹی عمر کے ڈرائیور جن کے شناختی کارڈ بھی بنے ہوئے نہیں ہیں وہ بھی یہ آٹو رکشہ چلا رہے ہیں  ۔انہوں نے رکشہ مالکان سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے آٹو رکشہ کم عمر بچوں کو نہ دیں۔
تازہ ترین