گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر قیامِ امن کےلیے سب ایک ساتھ ہیں۔
کوہاٹ ریجن اور ضلع کرم کی کشیدہ صورتحال پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی سیاسی قیادت اور رہنماؤں کے ہمراہ گرینڈ جرگہ منعقد کیا۔
خطاب میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ امن و امان کےلیے 5 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس ہوگی، سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر قیامِ امن کےلیے سب ایک ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کےلیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
جرگے سے ن لیگ کے امیر مقام، عوامی نیشنل پارٹی میاں افتخار حسین، قومی وطن پارٹی کے سکندر شیر پاؤ اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کی بشریٰ گوہر نے بھی خطاب کیا۔
امیر مقام نے کہا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت سے ہی ممکن ہے، ضلع کرم کے متاثرین کو فوری معاوضہ دیا جائے گا، صوبائی حکومت بھی نقصانات کا ازالا کرے۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا ایک گرینڈ جرگہ ضلع کرم میں ہونا چاہیے۔
قومی وطن پارٹی کے سکندر شیر پاؤ نے کہا کہ دونوں اقوام کا گرینڈ جرگہ جلد بلانا چاہیے، کرم میں امن و امان کی بحالی میں تمام سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کی بشریٰ گوہر نے کہا کہ صوبائی حکومت ضلع کرم میں امن و امان کی بحالی میں ناکام ہوچکی ہے۔