• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسن اقبال کا واپڈا سے ناقص منصوبہ بندی پر جواہدہی کی ضرورت پر زور

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے واپڈا کی جانب سے ناقص منصوبہ بندی پر جواہدہی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں احسن اقبال کی زیر صدارت نیلم جہلم پن بجلی منصوبے پر اجلاس ہوا جس میں منصوبے کے جلد آپریشن کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے سیکریٹری قانون اور اٹارنی جنرل کے ساتھ قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا اور واپڈا سے ناقص منصوبہ بندی پر جواہدی کی ضرورت پر زور دیا۔

دوران اجلاس احسن اقبال کو منصوبے کے تکنیکی مسائل پر بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ کچھ مسائل کی نشاندہی ہوچکی جبکہ جوابدہی کا عمل ابھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تحقیقات اور جوابدہی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے، اتنے بڑے منصوبے کےلیے شروع سے ہی جوابدہی کا نظام ہونا چاہیے تھا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ تحقیقات کےلیے بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں، منصوبے پر جاری کام کو جلد مکمل کیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نیسپاک کے کام کی آزادانہ جانچ بین الاقوامی ماہرین کے ذریعے کروائی جائے۔ اصلاحات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ نیلم جہلم منصوبہ جلدبازی میں شروع کیا گیا، بغیر مناسب منصوبہ بندی اس اہم قومی منصوبے کی طویل مدتی پائیداری پر سمجھوتہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا عمل تیز کیا جائے اور ٹی او آرز کو بہتر بنایا جائے، کنسلٹنٹ اور کانٹریکٹر کو بھی اپنی وضاحت پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ ان کو وضاحت کا موقع نہیں دیا گیا، عوام کو جاننے کا حق ہے کہ تاخیر اور مالی نقصانات کے ذمہ دار کون ہیں۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں احسن اقبال نے شفافیت اور جواہدہی کےلیے تحقیقاتی ٹیم میں بین الاقوامی ماہرین کو شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید