• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے دہشت گردی کے بیج دوبارہ بوئے، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردی کے بیج دوبارہ بوئے، ہم چاہتے ہیں ملک سے انتشار ختم کرکے ترقی کے راستے پر چلیں۔

کراچی میں تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ 8 ماہ مشکلات دور کرنے میں گزرے، ملک ترقی کی جانب گامزن ہیں، مہنگائی کم ہوئی، معیشت درست سمت میں رواں دواں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سازش کے تحت لسانیت کو ہوا دی جارہی ہے، سندھ میں بھی مسلم لیگ ن کو موقع دیا جائے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن سندھ میں شکایت کے ازالے کےلیے بھی کمیٹی تشکیل دی ہے، 30 دسمبر کو مسلم لیگ ن کا یوم تاسیس ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سائٹ کے لیے 5 ارب کے منصوبے کی منظوری دی ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے صنعتی پیداوار بڑھانے ہوگی۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے تمام سرمایہ کاروں کو کہوں گا کہ ملک کو مل کر ٹھیک کرنا ہے، ایکسپوٹرز کو کہتا ہوں کہ حکومت آپ کی پشت پر کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کچھ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں، 5 سالہ منصوبے میں کراچی پشاور موٹر وے کا منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ چین نے 30 رکنی پاکستانی ماہرین کے وفد کو مدعو کیا ہے، پاکستانی وفد 10 تا 23 دسمبر چین جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک کے فیز ٹو پر کام کریں گے، منصوبے کو سست کرنے کے لیے چینی مہمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی ہمارے مہمان اور ہیرو ہیں، پاکستان چینی مہمانوں کی حفاظت کی یقین دہانی کرواچکا ہے۔

قومی خبریں سے مزید