• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر تعلیمی بورڈ کے چیئرمین رفیق پل عہدے سے فارغ، اروڑ یونیورسٹی کے وی سی عارضی چیئرمین مقرر

ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ (فوٹو فائل)
ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ (فوٹو فائل)

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سکھر کے چیئرمین رفیق احمد پل کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اور ہیریٹیج سکھر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ کو تین ماہ کےلیے چیئرمین کی خالی آسامی کا چارج تفویض کر دیا گیا ہے۔ 

سکھر بورڈ کے ریٹائرڈ افسر رفیق احمد پل ایک نوٹیفکیشن کے تحت 16 مئی 2023 سے اسٹاپ گیپ کے انتظام کے تحت چیئرمین کی پوسٹ پر کام کر رہے تھے۔

تاہم اس نوٹیفکیشن کو واپس لے لیا گیا ہے، جب کہ سکھر بورڈ میں گریڈ ایک سے 17 تک کی ڈیلی ویجز بھرتیاں کرنے پر رفیق احمد پل کے خلاف دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جو 15 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔

کمیٹی میں ایڈیشنل سکریٹری سہیل انور بلوچ اور پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ شامل ہوں گے۔ 

یاد رہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران صرف سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں 35 سے زائد ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ پر تقرریاں کی گئیں۔

تاہم اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی اسی طرح حیدر آباد تعلیمی بورڈ میں بھی بھرتیاں ہوئیں مگر اسے نظر انداز کر دیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید