وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اچھی پالیسیوں اور بروقت فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم کا سعودی عرب سے واپسی کے فوری بعد ایف بی آر سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم سعودی عرب کے 27 گھنٹے کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچے تھے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے محصولات کے نفاذ کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیلئے سخت اقدامات کرنے اور ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن سے متعلق اہم کام 31 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے محصولات میں اضافے کےلیے ڈیٹا پر مبنی حکمت عملی پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن معاشی اصلاحات میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اچھی پالیسیوں اور بروقت فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کی ویلیو چین کی ڈیجیٹائزیشن کا کام مارچ 2025 تک مکمل ہوجائے گا۔
شوگر انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ سیمنٹ انڈسٹری کی ویڈیواینالیٹکس کی تنصیب سے ڈیزائن کا کام مکمل ہوچکا۔
وزیراعظم نے سیمنٹ انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب جلد از جلد کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈیجیٹل انوائسنگ کےلیے سسٹم ڈیزائن کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل انوائسنگ کیلئے موبائل فون ایپلی کیشن اس ماہ کے آخر تک تیار ہوجائے گی۔ پرآل کا نیا بورڈ تشکیل دیا جا چکا ہے۔