چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کاوشوں کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو درپیش مشکلات کا حل نکالنے کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ سیاسی قوتوں کے درمیان مکالمہ سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز کا حل تلاش کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ سیاسی مکالمہ اتفاق رائے اور استحکام پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، جو نتائج حاصل کرنے کےلیے ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ باوجود انتظامی اختیارات اور مسائل کے حل کی بنیادی ذمہ داری کے خیبر پختونخوا کی حکومت نے اپنا فرض ادا نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے صوبے کے عوام کی خدمت کے بجائے اپنی انتہاپسند سیاست میں مصروف ہے اور اس کا خمیازہ صوبے کے عوام بھگت رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا خیبر پختونخوا کی حکومتی پارٹی کو دعوت دی گئی تھی لیکن انہوں نے اے پی سی میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا خیبر پختونخوا کے عوام کا حق ہے کہ ان کے مسائل کے حل ہوں۔
انھوں نے کہا انشاءاللہ، خیبر پختونخوا حکومت کی مدد کے ساتھ یا اس کے بغیر ہم تمام صوبوں کے عوام کے حقیقی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔