غزہ، کراچی(اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی فورسز نے غزہ کے شمالی علاقے بیت لاہیا کے کمال عدوان اسپتال پر دھاوا بول دیا، اسپتال اور اس کے اطراف میں شدید بمباری کے نتیجے میں عملے کے4ارکان سمیت29افراد شہید ہوگئے، صیہونی افواج اسپتال کے اندر داخل ہوگئی، شمالی غزہ میں فعال آخری اسپتال میں موجود مریضوں اور بے گھر افراد کو زبردستی باہر نکال دیا، سیکڑوں میتیں اور زخمی سڑکوں پر پڑے رہے۔ کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر بتایا کہ اسرائیلی فورسز نےبیت لاہیا میں واقع کمال عدوان اسپتال پر دھاوا بول دیا، اسپتال کے شمال اور مغرب کے اطراف میں اسرائیلی فوج نے بمباری کیساتھ ساتھ براہ راست فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اسپتال کے عملے کے 4ارکان شہید ہو گئے اور کوئی بھی سرجن باقی نہیں رہا۔ اور واپس جانے سے پہلے بے گھر افراد اور عملے کو باہر نکال دیا اور فضائی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی لاشیں باہر سڑکوں پر بکھر گئیں۔ اسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو شافع نےکہا کہ حملہ کمال عدوان کے مغربی اور شمالی اطراف میں فضائی حملوں کے ایک سلسلے کے ساتھ شروع ہوا تھا جس کے ساتھ شدید فائرنگ بھی کی گئی۔