• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی صدر آصف زرداری کی بات سننے کو تیار نہیں: علی خورشیدی

رہنما ایم کیو ایم علی خورشیدی — فائل فوٹو
رہنما ایم کیو ایم علی خورشیدی — فائل فوٹو

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کرپشن پر احتجاج کریں گے۔

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم کے مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عام آدمی سے پوچھیں کہ کرپشن میں پاکستان کی کون سے جماعت یاد آتی ہے تو کہیں گے کہ پیپلز پارٹی۔

علی خورشیدی نے کہا کہ کل 9 دسمبر کو پوری دنیا میں اینٹی کرپشن کا دن منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر نے کل کہا کہ کرپشن ناسور ہے اس کےخاتمے کے لیےاحتساب ضروری ہے جبکہ یہاں کوئی بھی شعبہ دیکھ لیں ہر محکمے میں کرپشن اور بد عنوانی ہے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ 16 سال سے سندھ میں پیپلز پارٹی حکمرانی کر رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ میرے خیال سے اب یہاں کرپشن کو نوٹیفائی بھی کر دیں، یہاں پر کرپشن کا دھندا صنعت کا درجہ اختیار کر چکا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 16 سال میں 1600 بسیں بھی کراچی نہیں لا سکی، پیپلز پارٹی صدرِ پاکستان آصف زرداری کی بات سننے کو تیار نہیں ہے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتِ حال سب کے سامنے ہے، کچرا تک نہیں اٹھواتے لیکن ٹیکسز ضرور لگاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا بلدیاتی مسودہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جا چکا ہے، 1200 لوگوں سے اختیار لے کر ایم کیو ایم 12 لاکھ لوگوں کو با اختیار کرنا چاہتی ہے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی گورننس ٹھیک کرنا ہو گی، وفاق کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد کے لیے 15 ارب روپے مہینہ ختم ہونے تک آ جائیں گے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ جماعتِ اسلامی نے پیپلز پارٹی کے ساتھ بلدیاتی نظام پر ہاتھ ملا کر سندھ کا سودا کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید