کراچی سے جدہ جانے والے مسافر کے کپڑوں میں جذب 9 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) حکام کا کہنا ہے کہ ادریس حسین نامی مسافر کراچی سے ابوظبی کے راستے جدہ کے لیے سفر کر رہا تھا۔
ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس نے بتایا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر چیکنگ کے دوران اے ایس ایف نے اس کے کپڑوں کو مشکوک قرار دے کر اس کے کپڑوں سے 9.08 کلوگرام مائع ہیروئن برآمد کر لی۔
اے ایس ایف حکام کے مطابق مسافر نے مائع ہیروئن مہارت سے کپڑوں میں جذب کر رکھی تھی، مسافر اسمگلنگ کی خاطر کھدر کے کافی سوٹ کراچی سے جدہ لے جا رہا تھا۔
حکام نے بتایا ہے کہ ہیروئن کی کراچی سے جدہ اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی اور ملزم کو گرفتار کر کے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا ہے۔