پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ بجلی پیداوار، ترسیل و تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق رپورٹ آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔
پاور سیکٹر سے متعلق انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نااہلی اداروں کی ہے جس کا بوجھ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، کمیشن بنایا جائے جو اس معاملے کی تحقیقات کرے اور ملوث افراد کی نشاندہی کرے، کمیشن یہ بھی یقینی بنائے کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔
شازیہ مری نے کہا کہ پاور پروڈیوسرز کے حد سے زائد منافع سے قومی اور عوامی خزانے کو نقصان پہنچا، مہنگی بجلی کی پیداوار اور اضافی بوجھ عام صارفین اور قومی خزانے کو برداشت کرنا پڑا۔
انہوں نے سوال کیا کہ بجلی کی زیادہ طلب کے دوران سستے پاور پلانٹس کو استعمال کیوں نہیں کیا گیا؟ عوام کو اداروں کی نالائقی کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت اس رپورٹ کا نوٹس لے اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔