پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی نہیں بنانا چاہیے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلاف ہونے چاہئیں لیکن ہم اس کو ذاتی دشمنی کی بھینٹ نہیں چڑھا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، ہر ایشو کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے ہمیں ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہمارے 200 سے زیادہ کارکن 26 نومبر واقعہ کے بعد سے لاپتہ ہیں، ہمارے 5 ہزار سے زیادہ کارکن گرفتار کیے گئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں، اسپتالوں میں ہمارے زخمیوں کا کوئی ریکارڈ نہیں دیا گیا۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کے لیے قائم کمیٹی ہر کسی سے مذاکرات کےلیے تیار ہے، ہمارے سنیئر اور سنجیدہ افراد پر مشتمل کمیٹی قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلاف ہونے چاہئیں لیکن ذاتی دشمنی نہیں بنانی چاہیے، گفت و شنید کریں ہماری جماعت لوگوں کی نمائندگی کرتی ہے۔