• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، پیر آباد پولیس مقابلے کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی

کراچی میں پیر آباد میں 2 ڈاکوؤں کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے معاملے کی انکوائری رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان گھر میں واردات کی نیت سے داخل ہوئے تھے۔

پیر آباد قصبہ کالونی میں 2 دسمبر کو مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کی ہلاکت کی انکوائری رپورٹ انکوائری افسر، ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو جمع کرادی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے ڈاکو بلاول اور نقاش گھر میں واردات کے لئے ہی آئے تھے، مدعی مبارک شاہ کی بھتیجی صابرہ اور اسکی دوست لائبہ اور منیزہ واردات میں ملوث تھیں۔

صابرہ نے لائبہ کے ذریعے واردات پلان کی، لائبہ ملزم بلاول کی دوست تھی، تینوں لڑکیوں کے واردات میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

ملزم بلاول اور تینوں لڑکیوں میں رابطوں کے شواہد بھی ملے ہیں، ہلاک ملزم بلاول، تینوں لڑکیوں کی لوکیشن کا ثبوت مٹانے کی کوشش سے ان کے واردات میں ملوث ہونے اور واردات کا پہلے سے پتہ ہونا ثابت ہوتا ہے۔

انکوائری افسر ایس ایس پی ساؤتھ نے رپورٹ میں لکھا کہ فارنزک رپورٹ، میڈیکل رپورٹ اور مقابلے میں استعمال ہونے والے اسلحہ کی رپورٹ کا انتظار ہے، اب تک ملنے والے شواہد سے مزید تحقیقات میں پیش رفت ہوگی۔

واضح رہے کہ پیر آباد میں 2 دسمبر کو ہوئے پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو بلاول اور نقاش ہلاک جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا، مقابلے کو جعلی قرار دیکر اہلخانہ نے احتجاج کیا تھا جس پر ایڈیشنل آئی نے مقابلے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید