گورنر پنجاب سلیم حیدر نے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ 10 سال قبل دہشت گردوں نے ماؤں کی گودیں اجاڑ کر ساری قوم کے جگر چھلنی کیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر ظلم و بربریت کا سیاہ باب رقم کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا۔
سلیم حیدر نے کہا کہ دہشت گردی کا عفریت پھر سر اٹھا رہا ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کرنا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جانوں کے نذ رانے دینے والے سیکیورٹی فورسز کے جوان ہمارے ہیرو ہیں۔
سلیم حیدر نے مزید کہا کہ پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔