رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کرک اور بنوں میں پولیو ٹیموں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ میں کرک اور بنوں میں پولیو ٹیموں پر حملوں کی شدید مذمت کرتی ہوں، یہ بزدلانہ کارروائیاں ہیلتھ ورکرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف ہیں۔
رکنِ قومی اسمبلی نے لکھا ہے کہ پولیو ٹیموں کے خلاف کارروائیاں ہمارے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کو ناکام بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ حکّام کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے، تشدد پولیو کے خلاف ہماری جدوجہد کو نہیں روک سکتا، سال کی آخری پولیو مہم آج 16 سے 22 دسمبر تک کے لیے شروع ہو رہی ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے لکھا ہے کہ اس سال پاکستان میں پولیو کے 64 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اُنہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ براہِ کرم ہر بار پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔
رکنِ قومی اسمبلی نے مزید لکھا ہے کہ اپنے دوستوں، خاندان اور پڑوسیوں میں بھی انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے بیداری پیدا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی کمیونٹی میں 5 سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں یہ بھی لکھا ہے کہ ہم مل کر اپنے بچوں کی حفاظت کر سکتے ہیں اور پولیو کا خاتمہ بھی کر سکتے ہیں۔