یورپی پارلیمنٹ نے 2025 کیلئے 12 مختلف سیاسی جماعتوں کو فنڈز جاری کر دیے، یہ فنڈز ہر سال سیاسی جماعت کو پارلیمنٹ میں اس کی موجودگی کے تناسب سے جاری کیے جاتے ہیں۔
اس سال جاری کردہ ان فنڈز کی مجموعی رقم 45 اعشاریہ 4 ملین یورو ہے۔ جس میں سے سب سے زیادہ 12 ملین یورو کی رقم یورپین پیپلز پارٹی نے حاصل کی ہے۔
دوسرے نمبر پر یورپین سوشلسٹ پارٹی کو 9.1 ملین یورو ملے اور 5 اعشاریہ 4 ملین یورو کے حصول کے ساتھ پیٹریاٹس فار یورپ نامی جماعت تیسرے نمبر پر رہی۔
اس کے علاوہ جن پارٹیوں کو رقوم دی گئیں ان میں ای سی آر گروپ، اے ایل ڈی ای پارٹی، یورپین ڈیموکریٹک پارٹی، یورپین گرین پارٹی، یورپین فری الائنس، پارٹی آف دی یورپین لیفٹ، یورپین کرسچین پولیٹیکل مومنٹ، یورپین لیفٹ الائنس فار دی پیپل اینڈ دی پلانیٹ اور یورپ فار ساورن نیشنز نامی پارٹی شامل ہیں۔
دوسری جانب مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق پارلیمنٹ میں موجود کئی سیاسی پارٹیاں 373 یورو سے لیکر 3 لاکھ 70 ہزار یورو تک کی مقروض ہیں۔ جس کے بعد حکام نے ان کی کمزور مالی پوزیشن پر کئی سوالات بھی اٹھائے ہیں۔