وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نشانِ حیدر یافتہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو 53 ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
1971ء کی جنگ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا 53 واں یومِ شہادت آج منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر اپنے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1971ء میں واہگہ باڈر پر مثالی جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لانس نائیک محمد محفوظ شہید دشمن کو پسپا کرتے رہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے دشمن کے طاقت اور عددی برتری کے نشے کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید فرض شناسی اور حب الوطنی کی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہید کا وطن سے عہدِ وفا اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دینے کا جذبہ نسلِ نو کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کی دفاعِ وطن کے لیے قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔