رہنما مسلم لیگ ن طلال چوہدری نے بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے انٹرویو پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
طلال چوہدری نے اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ علیمہ خان کو اپنے بھائی اور تحریک انتشار کی ناکامیوں کا ملال ہے، اسی وجہ سے ایسی بے بنیاد باتیں کر رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ علیمہ خان کو نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کے بھائی اپنے جرائم کی سزا بھگت رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ یہ بھی نہیں بھولنا چاہیے کہ آپ اور آپ کی پارٹی 9 مئی اور 26 نومبر کے سانحات میں ملوث ہے، آپ لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنا کر اپنے کیے پر پردہ نہیں ڈال سکتیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا خون حساب مانگ رہا ہے، عمران خان نے ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔
طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ توشہ خانہ اور 190 ملین پاﺅنڈ کی چوری کا حساب تو دینا ہوگا۔